عظمیٰ نیوز سروس
لندن//یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ، فرانس میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ متوقع ہے جس کے باعث پیرس میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق فرانس، اسپین، اٹلی، پرتگال اور جرمنی میں صحت سے متعلق وارننگز جاری کی گئیں، یہاں تک کہ نسبتاً معتدل موسم کے لیے مشہور نیدرلینڈز نے بھی آئندہ دنوں میں شدید گرمی اور بلند نمی کے پیش نظر ہائی ٹیمپریچر الرٹ جاری کر دیا ہے ۔برطانیہ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت تقریباً 34 ڈگری ہونے پر سال کا گرم ترین دن قرار دے دیا گیا اس کے علاوہ پرتگال میں درجہ حرارت 46 درجے کو چھو گیا۔پیرس میں درجہ حرارت 40 درجے ریکارڈ کیا گیا، آئفل ٹاور کو گرمی کی شدت کے باعث اگلے دو دن کے لیے بند کردیا گیا جبکہ اسکول پہلے ہی بند ہیں، اٹلی میں شدید گرمی کے باعث حکام ‘‘آؤٹ ڈور’’ ورک پر پابندی لگانے پر غور کررہے ہیں۔اسپین کے محکمہ موسمیات کے مطابق جون کا مہینہ ملکی تاریخ کا سب سے گرم جون بننے جا رہا ہے۔ ، جبکہ جنوبی شہر سیویل میں اقوام متحدہ کی کانفرنس کے دوران درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ گیا۔