عظمیٰ نیوز سروس
جموں //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے زائد اَز 4,500 یاتریوں کے پہلے قافلے کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاتریوں کو پرامن، محفوظ اور روحانی لحاظ سے بھرپور سفر کی نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا:’’یہ مقدس یاترا عقیدے اور خود شناسی کا سفر ہے، میں تمام روحانی متلاشیوں کو مقدس گھپا تک محفوظ، آرام دہ اور دل کو چھو لینے والے سفر کی دعا دیتا ہوں۔‘‘اُنہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ، جموں و کشمیر کے لوگ، اَمرناتھ شرائین بورڈ، پولیس اور سیکورٹی فورسز نے یاتریوں کے لئے وسیع اور مکمل اِنتظامات کئے ہیں۔بدھ کے روز پہلے قافلے میںزائد اَز 4,500 عقیدت مندوں نے پوتر گپھا کی یاترا کا آغاز کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے عقیدت مندوں کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے مزید کہا،’’ ملی ٹینسی کے واقعات سے بے پروا ہو کر بھولے بابا کے بھکت بڑی تعداد میں یہاں پہنچ رہے ہیں جو ان کے پختہ عقیدے کا مظہر ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ اس برس کی یاترا سابقہ تمام برسوں سے زیادہ تاریخی ہوگی۔‘‘یہ روانگی تقریب ممتاز روحانی رہنماؤں، مذہبی تنظیموں کے سربراہان، عوامی نمائندوں، سول و پولیس اَفسران، سیکورٹی فورسز، شرائین بورڈ کے اراکین، معززشہریوں اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
غیر معمولی حفاظتی اقدامات
سالانہ یاترا فقید المثال سیکورٹی بند وبست کے بیچ آج یعنی جمعرات کو کشمیر سے شروع ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کی صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پہلے قافلے کو کشمیر کے لئے روانہ کیا۔یاتری جمعرات کو پہلگام اور ننون راستوں سے پوتر گھپا کی طرف پیش قومی کریں گے جس کے ساتھ ہی یاترا کا با قاعدہ آغاز ہوگا۔سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے یاترا کے جڑواں راستوں پر سیکورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ اہم سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ زمین پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھانے کے علاوہ حکام نے قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ چہرے کی شناخت کی نگرانی کے نیٹ ورک کو بھی مضبوط کیا ہے۔یاترا کیلئے نہ صرف اہلکاروں کی تعیناتی کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا گیاہے، بلکہ بڑے پیمانے پر ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، یاتریوں کو حقیقی وقت سے باخبر رہنے کے لیے آر ایف آئی ڈی ڈیوائسز کے ساتھ ٹیگ کیا گیا ہے’۔یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کثیر سطحی سیکورٹی سسٹم نافذ کیا گیا ہے جموں و کشمیر کی حکومت نے امرناتھ گھپا کو جانے والے تمام راستوں کو “نو فلائنگ زون” قرار دیا ہے، جس میں یاترا کے دوران ڈرون اور غبارے سمیت کسی بھی فضائی آلات کے استعمال پر پابندی ہے۔ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی نظام کو سہ رخی خطوط پر استوار کیا گیا ہے جس میںزمینی نگرانی کے لیے سیکورٹی فورسز کی تعیناتی، فضائی نگرانی کے لیے ڈرونز کا استعمال اور اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہمہ وقت مانیٹرنگ شامل ہے۔