عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اورقبائلی امور جاوید احمد رانا اور وزیر برائے زراعت جاوید احمد ڈار نے کل جموں و کشمیر میں آبپاشی کی موجودہ صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا۔رانا نے کسانوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے مؤثر نظام بنانے اور آبپاشی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ دھان کی کاشت کے موسم میں کسانوں کے مسائل حل کرنا ہم سب کی اِجتماعی ذِمہ داری ہے۔وزیر جاوید رانانے قلیل المدتی اور طویل المدتی دونوں اقدامات کرنے پر زور دیا تاکہ زمین پر موجود ضروریات کے مطابق آبپاشی کے پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اَپنے اَپنے علاقوں کی مکمل رِپورٹ پیش کریں تاکہ دستیاب وسائل کو مضبوط اور بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا سکیں۔اِس کے علاوہ ان نہروں کی بحالی پر بھی غوروخوض کیا گیا جو ماضی میں موجود تھیں مگر اب ان پر تجاوزات ہو چکی ہیں۔جاوید رانا نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آبپاشی نظام کو نقصان پہنچانے والی تجاوزات اور غیر قانونی کان کنی کی نشاندہی کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔میٹنگ میں اَرکان قانون ساز اسمبلی غلام احمد میر، حسنین مسعودی، اِرشاد رسول کار، ہلال اکبر لون اور عرفان حفیظ لون نے بھی شرکت کی اور اَپنے اَپنے حلقوں میں آبپاشی کی فراہمی کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔