عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ ایک اہم پیش رفت کے طور پر جموں و کشمیر کی نامور سماجی و سیاسی شخصیت خواجہ فاروق رینزو شاہ، جنہوں نے ریاستی انتظامیہ میں ایڈیشنل ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اور ڈائریکٹر انفارمیشن جیسے اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں، آج سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک شاندار تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شامل ہو گئے۔
پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے دیگر سینئر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ رینزو شاہ کا پارٹی میں پرجوش استقبال کیا۔ رینزو شاہ، جو کہ سابق صدر KAS آفیسرز ایسوسی ایشن بھی رہ چکے ہیں، نے سماجی، مذہبی اور سیاسی موضوعات پر دو درجن سے زائد کتب تصنیف کی ہیں۔ انہوں نے درجنوں حامیوں اور ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا،اپنی پارٹی نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے اور ہم اب مختلف اضلاع میں اپنے کیڈر اور قیادت کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہیں۔ ہم مسلسل مزید سماجی و سیاسی شخصیات کو پارٹی میں شامل کر رہے ہیں تاکہ اپنی پارٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا،
منتخب حکومت کی نو ماہ کی ناقص کارکردگی نے عوام کو اس حقیقت سے روشناس کرایا ہے کہ انہیں حکمران جماعت نے گمراہ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ اب لوگ جوق در جوق اپنی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ عوام نے اب سمجھ لیا ہے کہ اپنی پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے انتخابی مہم کے دوران عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہیں کی۔
اس موقع پر موجود دیگر نمایاں پارٹی رہنما سینئر نائب صدر غلام حسن میر، چیئرمین پارلیمانی امور کمیٹی محمد دلور میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، سابق ایم ایل اے، یوتھ صدر و ترجمان یور میر، ضلع صدر سرینگر محمد شفیع میر، ضلع صدر گاندربل جاوید احمد میر، صوبائی سیکرٹری پبلسٹی مظفر ریشی، سینئر نائب صدر ضلع سرینگر جیلانی کمار، ضلع سیکرٹری اطلاعات پیر وجاہت، ضلع سیکرٹری و انچارج حلقہ شاپیاں اویس مشتاق خان، حلقہ انچارج محسن ظفر شاہ، حلقہ انچارج زڈی بل تحسین فاروق، ضلع کوآرڈینیٹر شیخ نصار، ضلع کمیٹی سرینگر کے رکن ریاض گنائی بھٹ، پارٹی رہنما اشتیاق خان شامل تھےـ
معروف سماجی و سیاسی شخصیت فاروق رینزو شاہ اپنی پارٹی میں شامل
