عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے اَمرناتھ یاترا کےآغاز سے قبل بھگوتی نگرجموں میں یاتری نواس کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ مختلف محکموں کی طرف سے یاترا کے پُرامن اوراحسن اِنعقاد کے لئے کئے گئے حتمی اِنتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔چیف سیکرٹری کے ہمراہ اعلیٰ سول و پولیس اَفسران بھی تھے۔ اُنہوں نے یاتری نواس میں موجود تمام اہم سہولیات کا معائینہ کیا جو کہ عقیدت مندوں کے لئے جموں میں ایک اہم بیس کیمپ ہے۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں، آئی جی ٹریفک،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں، ایس ایس پی ٹریفک (سٹی)، کمشنر جے ایم سی، منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈِی سی ایل،ناظم اطلاعات، جل شکتی اور پی ڈبلیو ڈی کے چیف انجینئران، مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے اَفسران بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے کیمپ کا تفصیلی معائینہ کیا اور رہائش، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، سیکورٹی اور رجسٹریشن کاؤنٹروں سمیت دیگر اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے رجسٹریشن کاؤنٹروں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دی تاکہ رش اور اِنتظار کے وقت کو کم کیا جا سکے۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے یاترا کی نگرانی کے لیے قائم کئے گئے کنٹرول روم کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔بعد میں چیف سیکرٹری نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں اُنہوں نے بین المحکمانہ ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عقیدت مندوں کو یاترا کے 38دِنوں کے دوران بغیر کسی دقت کے محفوظ اور آرام دہ تجربہ فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے تمام محکموں کی تیاریوں پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ امسال یاتریوں کو ایک روحانی اور خوشگوار سفر کا تجربہ حاصل ہوگا۔اَتل ڈلو نے کہا کہ ہر محکمہ عقیدت مندوں کے لئے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے بھرپور محنت کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد صرف اُن کی سلامتی اور سہولیت کو یقینی بنانا ہی نہیں بلکہ انہیں ایک ایسا یادگار تجربہ دینا ہے جسے وہ خوشی سے گھر لے جا سکیں۔اُنہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے موسم، ٹریفک اور یاترا سے متعلق ہدایات پر مبنی ایک جامع بیداری مہم شروع کریں تاکہ عقیدت مندوں کو بروقت معلومات میسر آئیں اور ان کی کسی بھی قسم کی تشویش یا خدشات دور کئے جا سکیں۔اِس سے قبل صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے چیف سیکرٹری کو رواں برس کے دوران اَپ گریڈ کی گئی بنیادی ڈھانچے اور سہولیات سے متعلق آگاہ کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس برس رہائش، بجلی، پانی، صفائی ستھرائی اورفائرسیفٹی کی سہولیات کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں خاصا بہتر بنایا گیا ہے۔آئی جی پی جموں بھیم سین توتی نے بھی یاترا کے لئے تیار کئے گئے سیکورٹی اَقدامات اور ٹریفک مینجمنٹ پلان کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایاکہ اس بار بھی یاترا کو محفوظ، پُرامن اور اچھی طرح سے منظم یاترا کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کئے گئے ہیں۔