عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سیکریٹری اور سابق ایم ایل سی وبودھ گپتا نے سینئر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی شیو راج سنگھ چوہان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت بیچ-1 میں 316 سڑکوں کے منصوبے منظور کئے جن کی مجموعی لاگت 4,224 کروڑ روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں جموں و کشمیر میں دیہی ترقی کی رفتار میں زبردست اضافہ ہوا ہے، جو سابقہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کی حکومتوں کے دور میں مسلسل نظرانداز ہوتی رہی۔ وبودھ نے کہاکہ’’یہ صرف سڑکوں کی بات نہیں، بلکہ یہ عوامی خوابوں کو جوڑنے، روزگار پیدا کرنے اور نچلی سطح پر زندگیوں کو بدلنے کی بات ہے۔ مودی جی کا وِکست بھارت وژن جموں و کشمیر کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنا رہا ہے‘‘۔انہوں نے نیشنل کانفرنس کی سابق حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں عوامی مسائل جیسے بجلی، پانی، بے روزگاری، سیاحت اور ترقیاتی منصوبوں کی تاخیر کو سنجیدگی سے حل نہیں کیا گیا۔ جبکہ لیفٹیننٹ گورنر اور مرکزی حکومت کے تحت ترقی نچلی سطح تک پہنچی ہے، جو نیشنل کانفرنس کے دور میں صرف ایک خواب تھی۔وبودھ گپتا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو بنیادی وعدے کئے تھے، انہیں بھی پورا نہیں کیا اور عوام کا اعتماد مجروح کیا۔ ان کا دورِ حکومت صرف کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں پر مشتمل رہا، جس نے ریاست کے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔تقریب میں سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی راجوری عارف جٹ نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس کے دور میں کوئی قابلِ ذکر ترقیاتی کام نظر نہیں آیا۔ انہوں نے راجوری کے ایم ایل اے سے مطالبہ کیا کہ وہ وعدے پورے کریں، صرف زبانی دعوے نہ کریں۔