عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا آج یعنی بدھ کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان یہاں سے کشمیر کے جڑواں بیس کیمپوں کے لیے امرناتھ یاتریوں کے پہلے کھیپ کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔3,880 میٹر اونچی گھپا کی 38 روزہ یاترا 3جولائی کو وادی سے جڑواں راستوں سے شروع ہوگی۔ ضلع اننت ناگ میں روایتی 48 کلومیٹر ننون-پہلگام راستہ اور (14کلومیٹر)بال تل راستے یاترا 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔حکام کے مطابق اس سال کی یاترا کے لیے اب تک 3,31,000 سے زیادہ عقیدت مندوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے منگل کوسینئر اَفسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور اَمرناتھ یاترا۔ 2025 کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈی جی پی نلین پربھات، سپیشل ڈی جی (کوارڈی نیشن) ایس جے ایم گیلانی ،پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی، اے ڈِی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار کے علاوہ پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹریفک اور سیکورٹی کے اِنتظامات، نیز یاترا سے متعلق تمام محکمانہ تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ یہ یاترا پُر اَمن ، محفوظ اور بغیر کسی دشواری کے مکمل ہو سکے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ ٹریفک ایڈوائزری کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے تاکہ عام شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ، ایس ایس پیز، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے سے کام کریں تاکہ یاتریوں کی باقاعدہ قافلوں میں آمد و رفت یقینی بنائی جا سکے اور ٹریفک پلان مؤثر طریقے سے نافذ ہو۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ لاجمنٹ سینٹرز اور صفائی کے اِنتظامات کو بہتر حالت میں یقینی بنائیں۔