عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی سے متاثرہ کنبوں بالخصوص اُن اَفراد کے لواحقین کے مسائل پر غوروخوض کیا گیا، جنہیں پاکستان کے حمایت یافتہ ملی ٹینٹوں کے ذریعہ ہلاک کیا گیاتھا۔دورانِ میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر نے متاثرہ کنبوں کو اِنصاف اور بحالی فراہم کرنے کے لئے کئی اہم ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سینئر سپراِنٹنڈنٹوں آف پولیس (ایس ایس پیز) کو ہدایت دی کہ وہ دانستہ طور پر بند کئے گئے مقدمات دوبارہ کھولیں، ایف آئی آر درج کریں اور متاثرہ کنبوں کے قریبی رِشتہ داروں کو ترجیحی بنیادوں پر سرکاری ملازمتیں فراہم کریں۔اُنہوں نے اُنہیں مزید ہدایت دی کہ جن ملی ٹینٹوں یا اُن کے ہمدردوں نے متاثرہ کنبوں کی زمین یا جائیداد پر قبضہ کیا ہے، اسے فوری طور پر واگزار کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنرنے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اُن عناصر کی نشاندہی کریں جو عام کشمیریوں کے ہلاکتوں میں ملوث رہے ہیں اور اِس وقت سرکاری محکموں میں ملازم ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ جو متاثرہ کنبے خود روزگار کے خواہاں ہیں، انہیں مدرسکیم کے تحت مالی اِمداد اور مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔اُنہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر سیکرٹریٹ میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا جو ملی ٹینسی سے متاثرہ کنبوں کے مسائل کی نگرانی کرے گااور چیف سیکرٹری کو بھی اَپنے دفتر میں ایسا ہی سیل قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ کنبوںکی رہنمائی اور مدد کے لئے ایک ٹول فری نمبر بھی جاری کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ملی ٹینسی سے متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی اور وہ مجرم جو دہائیوں سے آزاد گھوم رہے ہیں، انہیںاِنصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘‘میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈی جی پی نلین پربھات، سپیشل ڈی جی (کوارڈی نیشن) ایس جے ایم گیلانی، پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندرکر بھارتی، اے ڈِی جی پی سی آئی ڈی نتیش کمار، آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، آئی جی پی جموں بھیم سین ٹوٹی، کشمیر اور صوبائی کمشنرکشمیر وِجے بدھوری، ڈِی آئی جیز،ضلع ترقیاتی کمشنران، ایس ایس پیز اور پولیس و سول اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔