عظمیٰ نیوزسروس
جموں/ /ادھم پور پولیس نے اس سال ضلع میںمنشیات کے خلاف اپنی جنگ میں اب تک 87ملزمین کو گرفتار کیا ہےاور 2.42کروڑ روپے کی منشیات ضبط کی ہیں ۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ادھم پور میں ضلع پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی جنگ تیز کردی ہے اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 61مقدمات درج کیے ہیں۔مجموعی طور پر 87ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 80 این ڈی پی ایس کے تحت اور 7 پی ایس اے دفعات کے تحت شامل ہیں۔ منشیات کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی 22گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ اور اس کے علاوہ، H1ادویات سے متعلق اصولوں کی خلاف ورزی پر چھ فارمیسی شاپس کو سیل کر دیا گیا۔اس کے علاوہ منشیات فروشوں سے منسلک 43بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا، جس میں 16,72,948 روپے کی رقم شامل تھی اور اس عرصے کے دوران ضبط شدہ ممنوعہ اشیاء کی مالیت بلیک مارکیٹ میں 2.42کروڑ روپے تھی، جس میں ہیروئن، چرس، پوست کا بھوسا اور گانجہ شامل ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ادھم پور پولیس نے 4.69کروڑ روپے کی جائیدادیں ضبط کیں، جس میں متعدد گاڑیاں، رہائشی مکانات، اور تجارتی اثاثے اور گائے کی اسمگلنگ دونوں سے متعلق ہیں۔ پولیس نے 21مقدمات میں 28منشیات فروشوں کے خلاف عدالتوں سے کامیابی کے ساتھ سزائیں بھی حاصل کیں، جو کیس کی تفتیش اور استغاثہ کی طرف پیشہ ورانہ نقطہ نظر کی نشاندہی کرتی ہے۔