عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی خوشحالی اور ترقی خواتین کی مساوی شرکت کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اپنی پارٹی کے پاس خواتین کو معاشی، سماجی اور سیاسی بااختیارر بنانے کے حوالے سے ایک واضح وژن ہے۔ان خیالات کا اظہار بخاری نے پارٹی کی خواتین ونگ رہنمائوں اور سینئر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجتماع کا مقصد پارٹی خواتین ونگ کو مزید مضبوط کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کرنا تھا۔موصولہ بیان کے مطابق میٹنگ کے دوران، پارٹی کے خواتین ونگ رہنمائوں اور سینئر کارکنوں نے صدر الطاف بخاری کے ساتھ متعدد عوامی اور سیاسی مسائل پر بات چیت کی اور کئی معاملات بشمول پارٹی امور پر اپنے خیالات اور نقطہ نظر پیش کیا۔ پارٹی سربراہ نے انہیں صبر و تحمل سے سنا۔اس موقع پر بخاری نے کہا کہ جہاں تک ہمارے معاشرے کی خوشحالی اور ترقی کی بات ہے، یہ خواتین کی شرکت کے بغیر ناممکن ہے۔ ہر انسانی معاشرے میں خواتین کا لازمی اور مساوی حصہ ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب ہمارے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین نمائندوں کی تعداد مردوں سے زیادہ ہوگی کیونکہ خواتین کو نہ صرف ان کے تمام جائز حقوق ملنے لگے ہیں بلکہ ساتھ ہی وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ثابت کررہی ہیں کہ وہ معاشرے کی فلاح و بہبود کے تئیں کردار نبھانے میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔انہوں نے خواتین رہنمائوں اور سینئر کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اپنی سیاسی اور عوامی رابطہ مہم کی سرگرمیوں کو تیز کریں تاکہ وادی کے تمام علاقوں میں خواتین ونگ کو مزید وسعت دی جاسکے۔تقریب میں خواتین ونگ کی صدر دلشاد شاہین، ریاستی سیکرٹری و ترجمانِ اعلیٰ منتظر محی الدین، ترجمان عشرت بٹ، صوبائی سیکرٹری شیرازہ ملک، حلقہ انچارج ظفر حبیب، افروزہ، رفیقہ، گلشن، صائمہ، شائستہ اور دیگر سرکردہ پارٹی لیڈران موجود تھے۔