یو این آئی
نئی دہلی/سپریم کورٹ نے پیر کو آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ درخواست میں للت نے بی سی سی آئی سے 10.65 کروڑ روپے جرمانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ جرمانہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کی خلاف ورزی کے الزام میں ان پر عائد کیا تھا۔جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے مودی کی درخواست کو قابل سماعت نہ سمجھا اور کہا کہ “اس معاملے میں للت مودی چاہیں تو سول کورٹ میں قانونی راستہ اختیار کر سکتے ہیں، لیکن بی سی سی آئی پر کوئی براہ راست حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔”واضح رہے کہ سال 2009 آئی پی ایل کا انعقاد جنوبی افریقہ میں کیا گیا تھا۔ اس دوران ای ڈی نے آئی پی ایل کو منتقل کرنے کے دوران ہونے والے لین دین کے سلسلے میں للت مودی پر 10.65 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ ان پر فیما (فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ) کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا تھا۔اس کے خلاف مودی نے بمبئی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ انہوں نے دلیل دی تھی کہ آئی پی ایل چیئرمین اور بی سی سی آئی کے نائب صدر کے طور پر انہوں نے جو بھی اقدامات کیے ، اس کے اخراجات اور نقصانات بی سی سی آئی کو برداشت کرنے چاہئیں، کیونکہ بورڈ کے ضابطے میں اس کا پروژن موجود ہے ۔