جاوید اقبال
مینڈھر //معروف سماجی و سیاسی کارکن تنویر اقبال قریشی نے مینڈھراسمبلی حلقہ کی دور افتادہ اور پسماندہ پنچایتوں کا ایک جامع اور بامقصد دورہ کیا۔ اس دورے میں خاص طور پر پنچایت بھاٹی دھار اور چک بنولہ جیسے بلند و بالا اور دشوار گزار علاقوں کا احاطہ کیا گیا۔یہ دورہ قریشی کی مسلسل عوامی رابطہ مہم کا حصہ تھا جس کا مقصد عوامی مشکلات کو براہ راست جاننا اور ان کے مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ عوامی ملاقاتوں کے دوران مقامی باشندوں نے خستہ حال سڑکوں، غیر مستقل اور ناکافی بجلی سپلائی، اور صاف پانی کی شدید قلت جیسے سنگین مسائل کو اجاگر کیا۔ مکینوں نے شکوہ کیا کہ ان علاقوں کو طویل عرصے سے نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ان کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ان مسائل کے جواب میں تنویر اقبال قریشی نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات اور شکایات کو فوری طور پر متعلقہ انتظامی و محکمانہ اداروں تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ان مسائل کو سنجیدگی سے اْجاگر کرنے اور ان کے جلد از جلد حل کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ محروم طبقات کی آواز نہ صرف سنی جائے بلکہ بروقت اس پر عمل بھی ہو۔تنویر اقبال قریشی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھاٹی دھار اور چک بنولہ اور دیگر پسماندہ علاقوں کی متوازن ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری ان کے سیاسی و سماجی مشن کا مرکزی نقطہ رہے گا۔