سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے دور افتادہ گائوں ڈنڈکوٹ کے مکینوںنے حالیہ دنوں شدید بارشوں کے بعد اپنی مشکلات کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں میں حالیہ تعمیر شدہ سڑک کے ساتھ مناسب نکاسی آب کے نظام کی عدم موجودگی کی وجہ سے بارش کا پانی ان کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے، جس سے ان کا روزمرہ کا معمول بری طرح متاثر ہوا ہے۔یہ سڑک محکمہ تعمیرات عامہ (روڈز اینڈ بلڈنگز) کے زیر نگرانی تعمیر ہو رہی ہے، تاہم مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ زمین کی کٹائی کا کام جاری ہے مگر ساتھ ساتھ نکاسی آب کی نالیوں یا چینلوں کی تعمیر پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، جس کی وجہ سے بارش کا پانی بہہ کر گھروں میں داخل ہو رہا ہے۔متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بارہا حکام سے درخواستیں کیں لیکن تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ ایک مقامی شخص نے بتایاکہ ’’گزشتہ پانچ دنوں میں ہم بارش کے دوران خوف کے مارے اپنے ہمسایوں کے گھروں میں منتقل ہو جاتے ہیں، ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارا گھر سیلابی پانی کی وجہ سے گر سکتا ہے‘‘۔متعدد خاندانوں کو روزمرہ کی زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خواتین اور بچوں کو سب سے زیادہ پریشانی ہو رہی ہے، جبکہ بزرگوں کا کہنا ہے کہ ایسے حالات انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔متاثرین نے محکمہ تعمیرات عامہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر نکاسی آب کے موثر انتظامات کئے جائیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ مقامی لوگوںنے بتایا کہ پانی کی عدم نکاسی سے گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور فرش بھی کمزور ہو رہا ہے۔ڈھنڈکوٹ گائوں کی عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد اس مسئلے کا حل نکالا جائے، تاکہ بارش کے دوران انہیں دوبارہ ایسی آزمائش سے نہ گزرنا پڑے۔ایک خاتون نے روتے ہوئے کہاکہ ’’ہم نے دن رات کی محنت سے یہ گھر بنایا ہے، لیکن اب بارش کا ہر قطرہ ہمیں خوف میں مبتلا کر دیتا ہے‘‘۔اس دوران مقامی سماجی کارکنوں نے بھی اس مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ زمینی سطح پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور پائیدار اقدامات کریں۔مکینوںکو امید ہے کہ ان کی آواز سنی جائے گی اور محکمہ بر وقت اقدامات کرے گا تاکہ مستقبل میں ان کے گھروں اور قیمتی املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔