جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے چھجلہ علاقے میں بدھ کے روز ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹریکٹر بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی انجام دیتے ہوئے زخمیوں کو نزدیکی سب ضلع ہسپتال مینڈھرمنتقل کیا، جہاں دونوں زیر علاج ہیں۔زخمیوں کی شناخت محمد فانی اور محمد ریاض کے طور پر کی گئی ہے، جن کی حالت ڈاکٹروں کے مطابق فی الحال خطرے سے باہر ہے، تاہم ان کا علاج جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق، ٹریکٹر کسی ناہموار راستے سے گزر رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ الٹ گیا، جس کے نتیجے میں اس پر سوار افراد زخمی ہو گئے۔ادھر، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے اور معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی حالت بہتر بنائے تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔