یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ایمرجنسی کے 50سال مکمل ہونے پر اسے ملک کی جمہوری تاریخ کا’سیاہ ترین باب‘اور’سمودھان ہتیہ دیوس‘ قرار دیا اور اس کے خلاف لڑنے والوں کو سلام پیش کیا۔ مودی نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا’’آج ہندوستان کی جمہوری تاریخ کے سیاہ ترین بابوں میں سے ایک، ایمرجنسی کے نفاذ کے 50سال مکمل ہو گئے ہیں۔ ہندوستان کے لوگ اس دن کو سمودھان ہتیہ دیوس کے طور پر مناتے ہیں۔ اس دن، آئین ہند میں درج اقدار کو پس پشت ڈال دیا گیا، بنیادی حقوق کو معطل کردیا گیا، پریس کی آزادی کو ختم کردیا گیا اور متعدد لیڈران، سماجی کارکنوں، طلبا اور عام شہریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے اس وقت اقتدار میں بیٹھی کانگریس حکومت نے جمہوریت کو یرغمال بنا لیاتھا‘‘۔وزیر اعظم نے کہا کہ ‘دی ایمرجنسی ڈائریز ایمرجنسی کے برسوں کے دوران میرے سفر کو بیان کرتی ہے۔ اس نے اس وقت کی بہت سی یادیں تازہ کر دیں۔ مودی نے کہا “میں ان تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں جو ایمرجنسی کے ان سیاہ دنوں کو یاد کرتے ہیں یا جن کے خاندانوں نے اس وقت کے دوران مصائب کا سامنا کیا تھا، وہ سوشل میڈیا پر اپنے تجربات شیئر کریں۔ اس سے نوجوانوں میں 1975سے 1977کے شرمناک دور کے بارے میں بیداری پیدا ہوگی‘‘۔ انہوں نے ایمرجنسی کے خلاف لڑنے والوں کو سلام پیش کیا، جن کی اجتماعی لڑائی نے اس وقت کی کانگریس حکومت کو جمہوریت کی بحالی اور انتخابات کرانے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ 42ویں ترمیم میں آئین میں زبردست تبدیلیاں کی گئیں، جو ایمرجنسی نافذ کرنے والی کانگریس حکومت کی سازشوں کی ایک زندہ مثال ہے، جسے بعد میں جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت نے ختم کر دیا۔
خلائی مشن کی لانچنگ | وزیر اعظم نے خلابازوں کا خیر مقدم کیا
یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ہندوستان ، ہنگری ، پولینڈ اور امریکہ کے خلابازوں کو لے جانے والے خلائی مشن کی کامیاب لانچنگ کا خیر مقدم کیا۔نریندرمودی نے ہندوستانی خلاباز دستہ کے کپتان شبھانشو شکلا کو نیک خواہشات بھی پیش کیے، جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے ہندوستانی خلاباز بننے کی راہ پر روانہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا:ہم ہندوستان ، ہنگری ، پولینڈ اور امریکہ کے خلابازوں کو لے جانے والے خلائی مشن کی کامیاب لانچنگ کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔ہندوستانی خلاباز دستہ کے کپتان شبھانشو شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے ہندوستانی خلاباز بننے کی راہ پرروانہ ہوئے ہیں۔ 1.4ارب ہندوستانیوں کی خواہشات ، امیدیں اور آرزوئیں ان کے ساتھ ہیں ۔