عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ہائی وے پر ایک افسوسناک ٹیمپو ٹریولر حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راجوری، ابھیشیک شرما کی ہدایات پر جموں و کشمیر پولیس اور ٹرانسپورٹ محکمے کی مشترکہ ٹیم نے ہائی وے پر متعدد مقامات پر ناکے لگائے اور ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو روک کر کارروائی عمل میں لائی۔یہ کارروائی ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر راجوری ستیش کمار، ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری-پونچھ رینج شیو کمار، اور اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (ARTO) راجوری راجیش گپتا کی نگرانی میں انجام دی گئی۔یہ اقدامات اْس وقت تیز تر کئے گئے جب ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی کونسل، جس کی صدارت ڈی سی ابھیشیک شرما کر رہے ہیں، نے حادثہ کی جگہ کا دورہ کر کے متعلقہ فیلڈ ایجنسیوں کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک شیو کمار نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا مقصد ڈرائیوروں اور گاڑی مالکان میں نظم و ضبط پیدا کرنا اور سڑکوں پر محفوظ و ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کلچر کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں کی حفاظت اور حادثات میں کمی کے لئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔