عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے علاقہ عظمت آباد سے زیارتِ پیر سخی شاہ بادشاہ رحمتہ اللہ علیہ ڈنہ تک سڑک کی عدم دستیابی اور ناقص صورتحال نے مقامی عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ جامع مسجد عظمت آباد سے ہینڈ ہیلا تک دو کلو میٹر سڑک پر کچھ تعمیری کام ہوا ہے تاہم بقیہ دو کلو میٹر کا حصہ اب بھی توجہ کا منتظر ہے، جبکہ ڈنہ زیارت تک مکمل راستہ تقریباً ساڑھے تین سے چار کلو میٹر پر مشتمل ہے جس کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر جامع مسجد عظمت آباد کے خطیب و امام، مولوی شوکت حسین اور مولانا طارق خان نے علاقے کے معززین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ سڑک صرف مقامی آمد و رفت کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ مذہبی و سیاحتی اہمیت کی حامل ہے۔ اگر حکومت کی طرف سے معمولی توجہ دی جائے تو یہ مقام ریاست کے سیاحتی نقشے پر نمایاں جگہ حاصل کر سکتا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ڈنہ الال میں پیر سخی شاہ بادشاہ رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ دو عرس مبارک کے مواقع پر سینکڑوں عقیدت مند زیارت کیلئے یہاں آتے ہیں، مگر سڑک کی عدم موجودگی کے باعث انہیں دشوار گزار راستوں سے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ مقامی افراد دہائیوں سے راشن، پانی اور دیگر ضروری اشیاء اپنے کندھوں پر اٹھا کر اس دشوار گزار علاقے تک لے جانے پر مجبور ہیں۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری، ایم ایل اے تھنہ درہال مظفر اقبال خان اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے پْرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کی جلد از جلد تعمیر کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں نے اگرچہ کئی علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے، مگر یہ اہم علاقہ ابھی تک بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔عوام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت اس دیرینہ مطالبے پر توجہ دے گی اور جلد اس اہم سڑک کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ علاقہ کے مکینوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور اس مقام کو سیاحت و مذہب دونوں حوالوں سے ترقی دی جا سکے۔