جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے چھترال علاقے میں تعمیر کیا گیا پل پہلی ہی بارش میں بہہ گیا، جس کے بعد علاقے کی عوام نے محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پل کی تعمیر میں ناقص اور سب اسٹینڈرڈ میٹریل استعمال کیا گیا، جس کی ساری ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوتی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش کے ساتھ ہی پل کی بنیادیں کمزور ہو گئیں اور پانی کے دبائو سے پل بہہ گیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔ عوامی نمائندوں اور سماجی کارکنان نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر سماجی کارکن تنویر اقبال قریشی نے بتا یا کہ ’’جب یہ پل تعمیر ہو رہا تھا، ہم نے بارہا کہا تھا کہ کام میں ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے، لیکن متعلقہ افسران نے ہماری بات کو نظر انداز کیا۔ آج وہی خدشات سچ ثابت ہوئے ہیں، اور سرکار کے لاکھوں روپے ضائع ہو گئے‘‘۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی فوری اور غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پل کو جلد از جلد دوبارہ تعمیر کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت فراہم ہو اور آمد و رفت بحال ہو سکے۔علاقہ مکینوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔