عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون، وی کے بردی نے بدھ کو کہا کہ آئندہ ہفتے (3جولائی) شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا 2025کیلئے جامع حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے یاتراکے محفوظ اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے میں مقامی باشندوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پہلگام کادورہ کرنے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے کہا کہ پولیس نے دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس سال کی یاترا کیلئے ایک مضبوط، کثیر سطحی سیکورٹی پلان نافذ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار ہم نے کثیر سطحی اور گہرائی سے حفاظتی انتظامات کئے ہیں تاکہ ہم یاترا کو عقیدت مندوں کیلئے محفوظ اور ہموار بنا سکیں ۔آئی جی پی نے واضح کیا کہ حفاظتی اقدامات کو منظم طریقے سے یاترا کے راستے اور پوری وادی میں مختلف حصوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وہ کسی بھی صورتحال کو مؤثر طریقے سے سنبھال سکتے ہیں۔کشمیر پولیس چیف نے امرناتھ یاترا2025 کی کامیابی میں مقامی باشندوں کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوںنے کہاکہ یہاںکے مقامی باشندوں کے تعاون کے بغیر کوئی بھی یاترا نہیں ہو سکتی، ان کے تعاون اور مدد سے ہی یہ یاترا کامیاب ہوتی ہیں، اس یاترا کیلئے جب بھی ہم مقامی لوگوں سے بات کرتے ہیں تو وہ عقیدت مندوں کا استقبال کرنے اور انہیں ہر ممکن سہولت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوتے ہیں، تاکہ عقیدتمندوں کا سفر بھی کامیاب ہو ۔