عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مقدس مہینہ محرم الحرام کی آمد پر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات بلا خلل فراہم کی جائیں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں شیعہ برادری کی اکثریت ہے۔
ڈاکٹر فاروق نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ محرم الحرام کی تقریبات کے پیش نظر ڈویژنل انتظامیہ کو صفائی، سڑکوں کی مرمت، بجلی اور پانی کی فراہمی جیسے اہم پہلوؤں پر فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ عزاداران کو کسی بھی قسم کی دقت نہ ہو۔
انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ عزاداری کے جلوسوں کے دوران ہر اہم مقام پر طبی کیمپس اور فرسٹ ایڈ سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔ ساتھ ہی میکڈم کاری، گلی کوچوں کی مرمت اور امام باڑوں کے آس پاس صفائی کے منظم انتظامات کیے جائیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جلوس کے روٹس پر پینے کے صاف پانی کے عارضی نل پوائنٹس نصب کیے جائیں تاکہ زائرین کو گرمی یا سفر کے دوران پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے مذہبی عقیدے اور ثقافت کا اہم حصہ ہیں، اس لیے حکومت کو چاہئے کہ وہ بھرپور تعاون کرے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ یوم عاشورہ کی اختتامی تقریبات مکمل ہونے تک تمام سہولیات کو بحال رکھا جائے اور تعزیہ جلوسوں کے لیے امن و امان اور ٹریفک کی روانی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے پارٹی کے تمام ضلع صدور، ایم ایل اے اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ محرم کے ایام خصوصاً یوم عاشورہ کے موقع پر عوامی مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ مذہبی جذبات اور عبادات میں کوئی خلل نہ پڑے۔