سمت بھارگو
راجوری//فوج نے راجوری کے کیری سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مشتبہ ملی ٹینٹوںں کی نقل و حرکت کے بعد وسیع پیمانے پر اینٹی ٹیرر آپریشن اور کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ذرائع کے مطابق، فوجی دستوں نے تین سے چار مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کو ایل او سی پر کیری کے مقام پر محسوس کیا اور ان کا سراغ لگانے کی کوشش کی۔ اس دوران علاقے میں بھاری فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جو فوج کی جانب سے ایریا ڈومینیشن فائرنگ کا حصہ بتائی جا رہی ہیں۔مشتبہ نقل و حرکت کے فوراً بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور اضافی فورس کو بھی موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اینٹی ٹیرر آپریشن تاحال جاری ہے اور آخری اطلاعات تک فوجی اہلکار علاقے میں مکمل نگرانی اور تلاشی کاروائی انجام دے رہے ہیں۔
پونچھ کے متعدد علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کے بعد تلاشی آپریشن
یواین آئی
جموں//جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں منگل کی صبح سکیورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی مقامی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، سی آر پی ایف اور راشٹریہ رائفلز کی مشترکہ ٹیموں کی جانب سے صبح 6 بجے کے قریب شروع کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ آپریشن سرنکوٹ اور مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں جاری ہے ، جن میں ساری، اُستان، پٹھانخور، لوہار محلہ، چندی مار، پھاگل، ہری ٹاپ اور کاگوالی، جبکہ سرنکوٹ کے لیمبہ، اُچھاد اور کلر،گرسائی مینڈھرکے علاقے شامل ہیں۔سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی مہم شروع کی ہے ، جبکہ مقامی لوگوں کی نقل و حرکت پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ آپریشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق،‘مصدقہ اطلاعات ملی تھیں کہ کچھ مشتبہ افراد ان علاقوں میں سرگرم ہو سکتے ہیں، جس کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر تلاشی مہم کا آغاز کیا گیا۔’انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے وسیع العریض جنگلی اور رہائشی علاقوں کو سیل کرکے فرارہونے کے ممکنہ راستوں پر سخت پہرے بٹھا دئے ہیں۔تاہم، آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی گرفتاری یا تصادم کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ یو این آئی،