عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حکومت مقامی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک نئی عوامی خریداری پالیسی متعارف کروانے جا رہی ہے جو مقامی صنعتوں کو ترجیحی بنیادوں پر سرکاری خریداری میں مواقع فراہم کرے گی۔ یہ یقین دہانی نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چوہدری نے فیڈریشن آف چیمبرز آف انڈسٹریز کشمیر کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نئی پالیسی کا مسودہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کو پیش کر دیا گیا ہے جو چیف منسٹر عمر عبداللہ کی قیادت میں اس پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ گزشتہ برسوں میں مقامی صنعتوں کو سرکاری خریداری میں نظرانداز کیا گیا تھا، لیکن اب اس رجحان کو تبدیل کیا جائے گا۔ایف سی آئی کے کے صدر شاہد کمالی کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر کے ساتھ طویل ملاقات میں صنعتی شعبے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے یقین دہانی دی کہ ایف سی آئی کے سمیت دیگر صنعتی تنظیموں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔بینکاری مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے جے اینڈ کے بینک کے افسران سے اپیل کی کہ وہ ایم ایس ایم ای یونٹس کے خلاف سختی سے وصولی کے اقدامات روک دیں جب تک کہ ان کے بحالی کے امکانات کا جائزہ نہ لے لیا جائے۔