عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بڈگام ریسیونگ اسٹیشن میں زائد از ایک ہفتہ پہلے ہوئے ٹرانسفارمر دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے محکمہ بجلی (پی ڈی ڈی) کے دو ملازمین زخموں کی تاب نہ لا کر رات دیر گئے یہاں ایک ہسپتال میں دم توڑ گئے۔
یہ دھماکہ 13 جون کو ٹرانسفارمر کا مرمتی کام کرنے کے دوران ہوا تھا جس میں جموں کے رہنے والے جونیئر انجینئر ہتیش ولی اور ٹیکنیشن منظور احمد ڈار ولد محمد اسماعیل ڈار ساکن خانپورہ بڈگام شدید زخمی ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ملازموں کو علاج و معالجے کے لئے پہلے ضلع ہسپتال بڈگام منتقل کیا گیا تھا جہاں سے ان کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) سری نگر ریفر کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کئی روز زیر علاج رہنے کے بعد دونوں ملازمین گذشتہ رات دیر گئے دم توڑ گئے۔دریں اثنا جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے پی ڈی ڈی کے ان ملازموں کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہامیں پی ڈی ڈی کے ڈیلی ویجر امتیاز احمد کے اہل خانہ سے بھی دلی تعزیت پیش کرتا ہوں، جو اننت ناگ کے اچھہ بل علاقے میں مرمت کا کام کرتے ہوئے برقی کھمبے سے گرنے کے بعد ہفتہ کے روز المناک طور پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بڈگام میں ٹرانسفارمر دھماکے میں زخمی ہونے والے پی ڈی ڈی کے دو ملازمین دم توڑ گئے
