عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) نے شری امرناتھ جی یاترا کے دوران مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے یاترا راستوں کے ساتھ آتم نربھر بھارت ہائی ٹیک ٹیکنالوجی پہل شروع کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد یاتریوں کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے رابطہ فراہم کرنا ہے، جس سے اونچائی والے علاقوں میں بہتر حفاظت، ہم آہنگی اور رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ قدم جموں و کشمیر کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں ڈیجیٹل خدمات کو بڑھانے کے حکومت کے وسیع وژن کی کڑی کا ایک حصہ ہے۔امسال 3 جولائی سے شروع ہونے والی پوتر یاترا 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔حکومت اور شرائن بورڈ نے یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تیاریوں کو لگ بھگ مکمل کر لیا ہے۔
شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کی سہولیت کے لئے جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے لکھن پور میں تین درجن سے زیادہ لاجمنٹ سینٹرز اور چھ ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹیفکیشن (آر ایف آئی ڈی) رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق اب تک 3.50 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے یاترا کے لیے اپنا اندراج کرایا ہے اور ملک بھر سے مزید ہزاروں کے روزانہ کی بنیاد پر لکھن پور پہنچنے کی امید ہے۔
دریں اثنا سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ یاترا کے روایتی راستوں پر بھاری تعداد میں پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی مقامات پر موبائل بینکرز اور چیک پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کی سلامتی کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گذشتہ روز کہا کہ امسال بھی یاتری جوق در جوق یاترا کے لئے آئیں گے جن کے لئے سیکورٹی و دیگر سہولیات کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
شری امرناتھ یاترا: بی ایس این ایل نے یاترا راستوں پر آتم نربھر بھارت ہائی ٹیک ٹیکنالوجی شروع کی
