عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ہفتہ کو کہا ہے کہ وادی میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر حکومت نے کشمیرصوبہ کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں 23جون سے گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا، کشمیر میں موسمی حالات طلبا کے لیے ناقابل برداشت ہو چکے ہیں اور شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر حکومت نے 23جون سے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعطیلات کے اختتام کے بعد موسمی حالات کا جائزہ لے کر اس میں توسیع سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔ایتو نے بتایا کہ اس سے قبل محکمہ تعلیم نے یکم جولائی سے 10جولائی تک گرمیوں کی چھٹیاں رکھنے کی تجویز دی تھی، لیکن شدید گرمی کی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے اب 15 روزہ تعطیلات 23 جون سے دی جا رہی ہیں۔اس سے پہلے وزیر تعلیم نے اسکول کے اوقات کار میں تبدیلی کا بھی اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھاکہ ہفتہ سے سرینگر میونسپل حدود کے اندر آنے والے اسکولوں کا وقت صبح 8 بجے سے دوپہر 1بجے تک ہوگا، جب کہ سرینگر میونسپلٹی کے باہر والے سکولوں کا وقت صبح 8:30سے دوپہر 1:30بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔