ماحولیات اور صحت ایک دوسرے پر منحصر:ماہرین
پرویز احمد
سرینگر //پوری دنیا کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی سنیچر کو یوگا کا عالمی دن منایا گیا ۔اس سال یوگام کے عالمی دن کیلئے ’ زمین اور صحت کیلئے یوگا ‘‘ کے موضوع کا انتخاب کیا گیا تھا اور اس دوران ماہرین نے لوگوں کی صحت پر ماحولیات کے اثرات کے حوالے سے جانکاری فراہم کی۔ یوگا کے عالمی دن کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے ڈاکٹر روہی تبسم نے بتایا ’’ اس سال ہم نے یوگا کے عالمی دن کیلئے ایک خاص موضوع کا انتخاب کیا تھا ۔ انہوں نے کہا ’ زمین اور صحت کیلئے یوگا کے موضوع کے ذریعے ہم لوگوں کے صحت پر آس پاس کے ماحول کے اثر پر بات کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی زندگی پر ہمیشہ ماحول کا اثر ہوتا ہے اور یہ اس کی صحت پر بھی پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحول میں بہتری کے ساتھ انسان کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماحول گندا ہے تو انسانی جسم مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتا ہے اور خاص کر چھاتی ور سانس لینے کی ہی مثال کو لیتے ہیں۔ انہوں کہا کہ گندی ہوا انسانی پھپھڑوں کو متاثر کرتی ہے اور یوگا انسانی پھپھڑوں کو پھر سے بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ڈاکٹر روہی تبسم نے کہا کہ اس کے بڑی مثال کورونا وائرس کی وباء بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے سب کے سامنے حال کی افادیت اور اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ہوا کے ذریعے پھیلتا تھا اور جہاں ماحول صاف ہوتا تھا وہاں بہت کم لوگوں کو یہ بیماری متاثر کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ماحولیات کی آلودگی کی وجہ سے ہونے والے بیماری سے بچائو اور نجات کا واحد ذریعے ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہترصحت کیلئے بہتر ماحول لازمی ہے۔ اس حوالے سے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر صحت و تعلیم سکینہ یتو بطور مہمان خصوصی شریک ہوئی جبکہ اس موقع پر چیف سیکریٹری اتل ڈالو اور سیکریٹری صحت ڈاکٹر عابد رشید شاہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ اس موقع پر مختلف شعبہ محکمہ جات اور شعبہ جات، سیاسی و سماجی تنظیموں نے بھی جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر یوگا ڈے کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کیا گیاتھا۔