عظمیٰ نیوزسروس
گاندر بل//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گاندر بل میں نئے تعمیر شدہ کمیونٹی میریج ہال کا افتتاح کیا اور 50میٹر سپین والے سٹیل ٹرسڈ گرڈر پُل کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے دودرہامہ گاندر بل میں کمیونٹی میریج ہال کو عوام کیلئے وقف کیا جو 4.15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور اس سہولت کا مقصد شادیوں اور دیگر معاشرتی پروگراموں کیلئے لوگوں کو بہتر اور سستی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ جس سے مقامی آبادی کو کافی فائدہ ملے گا اور یہ گاندر بل کے عوام کی دیرینہ مانگ تھی جسے آج پورا کیا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے لوگوں پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا جو معاشرتی نظام میں بہتری لائے گا ۔ انہوں نے کہا یہ میریج ہال صرف ایک عمارت ہی نہیں ہے بلکہ معاشرتی زندگی کو مزید جامع اور قابل رسائی بنانے کی طرف ایک قدم ہے ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے نالہ سندھ پر آہنگرمحلہ گاڈورہ کے مقام پر 50میٹر سپین والے اسٹیل ٹرسڈ گرڈرپُل کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ 7.56کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے اس پُل سے نالہ سندھ کے دونوں اطراف رہائش پذیر لوگوں کو نقل و حمل میں آسانی ہو گی ۔ اس پُل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پُل صرف مقامات کو نہیں جوڑتے ، وہ لوگوں اور مواقع کو جوڑتے ہیں ۔ اس پُل سے رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی ، سفر کے وقت کو کم کیا جائے گا اور رہائشیوں کیلئے ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ سینئر ضلعی افسران ، انجینئرز اور مقامی باشندوں کی ایک بڑی تعداد دونوں پروگراموں میں موجود تھی اور انہوں نے اپنے علاقے میں حکومت کے ذریعے کئے گئے ترقیاتی اقدامات کی تعریف کی ۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ان کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل ، ایس ایس پی گاندر بل ، چیف انجینئر پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) اور دیگر متعلقہ عہدیدار بھی تھے ۔