عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // اچھہ بل علاقے میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب دوران ڈیوٹی بجلی کھمبے سے گر جانے کے بعدمحکمہ بجلی کے ایک ملازم(ڈیلی ویجر) کی موت واقع ہوئی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ 32سالہ امتیاز احمد لون ولد نذیر احمد لون ساکن ہلر کوکرناگ اس وقت بجلی کھمبے سے گرگیا جب وہ مرمت کا کام انجام دے رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ کھمبے سے گر جانے کے بعد اسے فوری طور پرمیڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ہسپتال حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ نوجوان کو ہسپتال میں شدید نازک حالت میں لایا گیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے بچانے کی کافی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے۔اس دوران اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کے پی ڈی سی ایل اننت ناگ نے ابتدائی کارروائی کے طور پر محکمہ کے چار ملازمین کو منسلک کر دیا ہے۔سرکاری احکامات کے مطابق یہ کارروائی واقع کی مکمل انکوائری ہونے تک عارضی طور پر کی گئی ہے۔