عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں آج 11ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر ایک منفرد اور تاریخی یوگا سیشن کا انعقاد دنیا کے بلند ترین ریلوے پل چناب ریل برج پر کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، شمالی ریلوے، سی آر پی ایف، مقامی افراد اور یوگا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔وادی چناب کے دلکش مناظر میں منعقدہ اس سیشن میں شرکاء نے مختلف یوگا آسن انجام دیے، اور ذہنی و جسمانی ہم آہنگی کے پیغام کو دنیا تک پہنچایا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 9 جون کو اسی مقام پر واقع دنیا کے سب سے اونچے چناب پل کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا۔ یہ پل دریا چناب سے 359 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور اس کی لمبائی 1,315 میٹر ہے۔ اس سٹیل آرچ پل کو زلزلے اور تیز ہوا کے دباؤ کو برداشت کرنے کے لیے خصوصی انجینئرنگ سے تعمیر کیا گیا ہے۔
یہ پل جموں اور سری نگر کے درمیان ریلوے کے ذریعے براہ راست رابطے کو ممکن بناتا ہے، اور پہلی بار وادی کشمیر کو باضابطہ طور پر ہندوستان کے ریلوے نیٹ ورک سے جوڑتا ہے۔تقریب کے اختتام پر ضلع انتظامیہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چناب پل پر یوگا سیشن کا انعقاد نہ صرف ایک علامتی اقدام تھا بلکہ عالمی سطح پر بھارت کے یوگا پیغام کو اجاگر کرنے کا عملی مظاہرہ بھی۔
چناب ریل پل پر یوگا ڈے کی منفرد تقریب، دنیا کے بلند ترین ریلوے پل پر تاریخی لمحات
