ایجنسیز
لیڈز/سچن ٹنڈولکر نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے چلتے ٹیم انڈیا کے نئے ٹیسٹ کپتان شبھمن گل کو مشورہ دیا ہے۔ سچن نے کہا کہ گل کو باہر کی آوازوں سے دور رہنا چاہیے۔ باہر والے اسے مشورے دیتے رہیں گے لیکن اس کی توجہ میچ کی حکمت عملی اور ڈریسنگ روم کی بات چیت پر مرکوز ہونی چاہیے۔ سچن نے کہا کہ ہمیں گل کا ساتھ دینا چاہیے۔ اس سیریز کے ساتھ ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا نیا دور شروع ہو گا۔ ہندوستانی ٹیم اپنے تین تجربہ کار کھلاڑیوں ویراٹ کوہلی، روہت شرما اور روی چندرن اشون کے بغیر کھیلے گی جو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ ٹنڈولکر نے کہا، ’’میرے خیال میں انہیں (گل) کو وقت دینے کی ضرورت ہے۔ انہیں سپورٹ کی بھی ضرورت ہے۔‘‘ہندوستان کا کپتان بننا ایک بہت دباؤ کا کام ہے اور ٹنڈولکر جانتے ہیں کہ طرح طرح کی تجاویز سامنے آئیں گی لیکن انہیں یقین ہے کہ گِل اسے اچھی طرح نبھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میرے خیال میں کئی طرح کی تجاویز سامنے آئیں گی کہ اسے یہ کرنا چاہیے یا ایسا کرنا چاہیے، ایسی چیزیں ہوں گی لیکن اسے ٹیم کی حکمت عملی پر توجہ دینی چاہیے۔ ڈریسنگ روم میں کیا بات ہو رہی ہے اور کیا حکمت عملی ہے‘‘۔