عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے منیہال گلی علاقے میں واقع علمی و دینی مرکز مدرسہ مدنی دارالعلوم منیال منڈا کے لئے ایک بار پھر مسرت و افتخار کا مقام ہے کہ یہاں کے ایک طالب علم نزاکت حسین ولد بشارت حسین نے مکمل قرآنِ کریم حفظ کر لیا ہے۔ اس مبارک موقع پر مدرسہ میں جماعت اہل سنت صوبہ جموں رجسٹرڈ اکائی تھنہ منڈی کے سربراہ حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی کی صدارت میں ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں اساتذہ کرام، طلباء ، والدین اور دیگر معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد مدرسہ کے مہتمم حافظ ڈاکٹر محمد اسحاق خان اور دیگر علما کرام نے حفظِ قرآن کی اہمیت، قرآن کے ساتھ تعلق، اور اس عظیم سعادت پر نزاکت حسین اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے مدرسہ مدنی دارالعلوم منیال منڈا کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کا ایک روشن چراغ قرار دیا جو نسلِ نو کو علمِ دین کی روشنی سے منور کر رہا ہے۔ اس موقع پر ادارہ کی جانب سے والدین و معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی گئی کہ وہ دعاؤں، تعاون، اور مشاورت کے ذریعے اس علمی مرکز سے اپنے تعلق کو ہمیشہ قائم و دائم رکھیں۔آخر میں طالب علم حافظ نزاکت حسین کی نمایاں کامیابی پر خصوصی دعا کی گئی اور انہیں انعامات و اکرامات سے نوازا گیا۔ صدرِ محفل، حضرت حافظ محمد نصیرالدین نقشبندی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حافظ نزاکت کو علم و عمل کے نور سے مزید مزین فرمائے اور ادارے کو تاقیامت علم و ہدایت کا مرکز بنائے۔ اس موقع پر اللہ ربّ العزّت سے یہ بھی دعا کی گئی کہ وہ تمام معاونین، والدین، اساتذہ اور اہلِ خیر کو دنیا و آخرت میں عزت، برکت اور کامیابیوں سے نوازے۔