شدید گرمی میں سیاحوں کی پناہ گاہ بنادرہال علاقہ کا ’کھوڑ ناڑ آبشار‘

Mir Ajaz
3 Min Read

سمت بھارگو

راجوری//راجوری ضلع کی تحصیل درہال کے خوبصورت اور دور دراز علاقوں، بدکھناری اور ہل ٹک کے درمیان واقع ’کھوڑناڑآبشار‘ حالیہ دنوں میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ شدید گرمی کی لہر کے بیچ قدرت کا یہ انمول تحفہ نہ صرف راجوری بلکہ جموں و کشمیر کے دیگر حصوں سے آنے والے سیاحوں کے لئے سکون اور ٹھنڈک کا باعث بن گیا ہے۔حال ہی میں دریافت ہونے والا یہ فطری آبشار قدرتی حسن، دلکش مناظر اور ہڈیوں کو چیر دینے والی ٹھنڈی پانی کی وجہ سے مشہور ہو چکا ہے۔ اگرچہ یہ آبشار سڑک سے کئی کلومیٹر دور واقع ہے اور وہاں پہنچنے کے لئے پیدل راستوں سے گزرنا پڑتا ہے، تاہم قدرتی مناظر اور تازگی بھرا ماحول لوگوں کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے۔سیاح تین مختلف راستوں سے اس آبشار تک پہنچ سکتے ہیں، جو ہر کسی کے لئے ایک الگ ایڈونچر کا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔ گرمی کی شدت سے پریشان عوام اس آبشار کا رْخ کر کے نہ صرف ٹھنڈے پانی میں نہا رہے ہیں بلکہ پہاڑوں اور سبز وادیوں کے دلکش مناظر سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔مقامی نوجوان طاہر مصطفی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قدرتی مقام کو گندگی سے محفوظ رکھیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ’’ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے لئے اس فطری حسن کو محفوظ رکھنا ہے، لہٰذا یہاں گندگی نہ پھیلائیں اور ماحول دوست رویہ اختیار کریں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’سیاحت ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے لیکن اگر بے احتیاطی برتی گئی تو یہ ماحول کے لئے خطرہ بن سکتی ہے‘۔حال ہی میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے آبشار کا دورہ کیا اور اس مقام کو ماحولیاتی سیاحت (ایکو ٹورزم) کے طور پر ترقی دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھاکہ ’’ایکو ٹورزم مقامی معیشت کے لئے ایک گیم چینجر بن سکتا ہے۔ ہمیں پائیدار سیاحتی اقدامات کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ماحول دوست سیاحت ممکن ہو سکے‘۔ڈی سی راجوری کے اس بیان سے مقامی لوگوں کو نئی امید ملی ہے۔ دیہی آبادی چاہتی ہے کہ خور نر آبشار کو ایک مکمل سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جائے تاکہ مقامی نوجوانوں کو روزگار ملے اور علاقائی معیشت کو فائدہ پہنچے۔اگر منصوبہ بندی اور نگرانی کے ساتھ ترقیاتی اقدامات کئے جائیں، تو کھوڑ ناڑآبشار جموں و کشمیر کا ایک نمایاں ماحولیاتی سیاحتی مقام بن سکتا ہے۔ قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ یہ علاقہ انسانوں کو قدرت کے قریب لانے کا بہترین ذریعہ بننے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

Share This Article