عشرت حسین بٹ
پونچھ// ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم لسانوی نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار کو چاہیے کو وہ جلد از جلد جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ بحال کرے تاکہ یہاں کے عوام کی بہتر ترقی ہو سکے ۔ان خیالات کا اظہار موصوف نے اپنے حلقہ انتخاب سرنکوٹ کے چندی مڑھ علاقہ میں ایک عوامی دربار کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ ملک کے وزیر آعظم اور وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے فورن بعد ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا مگر انتخابات ہوئے بھی کافی عرصہ گزر گیا مگر ابھی تک جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کا ایک ایک بچہ بزرگ نوجوان مرد و زن چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں جلد ریاست کا درجہ بحال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے اپیل کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں جلد ریاست کا درجہ بحال کیا جائے۔ اس سے قبل موصوف نے چندی مڑھ علاقہ میں ایک عوامی دربار بھی منعقد کیا جس میں علاقہ کے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کر کے اپنے علاقہ کے مسائل اور تعمیرو ترقی کے حوالے سے ایم ایل اے موصوف سے بات کی جن میں عوام کو بہتر پانی، بجلی سڑک اور دیگر عوامی معاملات کے حوالے سے بات کی گئی۔ اس موقع پر ایم ایل اے موصوف کے ہمراہ متعدد محکمہ جات کے آفسران بھی تھے جنہیں موقع پر ہی عوامی معاملات کو جلد حل کرنے کے بھی چوہدری اکرم نے احکامات صادر کئے۔ چوہدری اکرم نے اس موقع پر کہا کہ وہ اپنی کانسٹچونسی کے تمام تر علاقوں میں اسی طرح عوامی دربار منعقد کریں گے تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔