عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت عنقریب جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرے گی تاکہ یہاں کی حکومت بنا کسی رکاوٹ کے عوامی راحت کے کام انجام دے سکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیرکی تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے تن دہی سے کام کررہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے منشور میں کئے گئے وعدوں کو عملانے کیلئے این سی حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔موصوف پارٹی ہیڈکوارٹر پر صوبہ کشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ان گنت مسائل و مشکلات ہیں اور حکومت کی یہی کوشش ہے کہ لوگوں کو ان مسائل سے راحت پہنچائی جائے۔ این سی صدر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اقتدار میں ہو یا اقتدار کے باہر یہ جماعت ہر وقت عوام کیلئے وقف ہوتی ہے کیونکہ اس جماعت کایہی اصول اور لائحہ عمل ہے۔ پارٹی سے وابستہ افراد کو پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں کا مقصد حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہوتا ہے اور یہ چُنے ہوئے عوامی نمائندے لوگوں کی صحیح معنوں میں خدمت کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں، باصلاحیت، پڑھے لکھے ، دیانتدار اور عوامی ساکھ والے نمائندوں کو آگے لائیں۔ اس کے علاوہ لوگوں نے انہیں اپنے اپنے مسائل سے آگاہ کیا، انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام اور وزراء کیساتھ رابطہ کرکے ان مسائل کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں اور ان کا سدباب کرانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔