ایجنسیز
تہران// اسرائیل کی طرف سے حملوں کے آغاز کے بعد ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرایران میں ہندوستانیوں سے اتوار کو کہا گیا کہ وہ گھبرائیں نہیں، احتیاط برتیں اور تہران میں ہندوستانی سفارت خانے کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے رابطہ قائم رکھیں۔ایک ایڈوائزری میں، ہندوستانی سفارت خانے نے تمام ہندوستانی شہریوں اور ہندوستانی نژاد افراد سے کہا کہ وہ چوکس رہیں، تمام غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، سفارت خانے کے سوشل میڈیا اکائونٹس پر عمل کریں اور مقامی حکام کے مشورے کے مطابق حفاظتی پروٹوکول پر عمل کریں۔سفارت خانے نے اپنے X اکائونٹ پر گوگل فارم فراہم کیا اور ہندوستانی شہریوں سے کہا کہ وہ اپنی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے اسے پر کریں۔اس میں کہا گیا ہے”براہ کرم یاد رکھیں، یہ ضروری ہے کہ گھبرائیں نہیں، احتیاط برتیں اور تہران میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ برقرار رکھیں”۔اس نے ایک ٹیلی گرام لنک بھی فراہم کیا اور ہندوستانی شہری سے کہا کہ وہ مشن سے صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹس حاصل کرنے کے لیے اس میں شامل ہوں۔سفارت خانے نے X پر پوسٹ کیا” ٹیلی گرام لنک صرف ان ہندوستانی شہریوں کے لیے ہے جو فی الحال ایران میں ہیں،” ۔ادھر ایران میں پھنسے طلاب کے والدین نے وزارت خارجہ کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند کی وزارت خارجہ کے ذریعہ تجویز کردہ رہنما خطوط کے مطابق، ہندوستانی طلبا، جو فی الحال ایران میں زیر تعلیم ہیں، ہندوستانی سفارت خانے میں پہلے سے ہی رجسٹر کروا چکے ہیں، اس کے علاوہ پہلے سے بتائے گئے تمام رہنما خطوط پر عمل کیا گیا ہے۔ والدین وزیر خارجہ ایس جے شنکر ، حکومت ہنداور متعلقہ حکام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ خطے میں بڑے تنازعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایران سے ہندوستانی طلبا کے محفوظ انخلا کا انتظام کریں۔