اشرف چراغ
سرینگر// کپواڑہ ضلع میں اتوار کے روز ایک شخص کو مبینہ طور پر ایک پولیس افسر کو رشوت دینے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ لولاب کے رہائشی طالب پیر نے لال پورہ تھانے کے ایس ایچ او سے رابطہ کیا اور ضبط کی گئی جے سی بی کو غیر قانونی طور پر چھوڑنے کے عوض رشوت کی پیشکش کی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق جے سی بی کو معمول کی گشت کے دوران روکا گیا۔ معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ یہ درست دستاویزات کے بغیر چل رہا تھا اور ڈرائیور کے پاس لائسنس نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں گاڑی کا چالان کیا گیا اور قانون کے مطابق اسے تحویل میں لے لیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ پیر کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 8 کے تحت لال پورہ پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔