عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے ڈپٹی کمشنر، ابھیشیک شرما نے تحصیل درہال کا ہنگامی دورہ کیا، جس دوران انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، عوامی اداروں کا معائنہ کیا اور مقامی نوجوانوں سے ملاقات کی۔دورے کے دوران، ڈی سی نے راجوری سے درہال تک سڑک رابطے کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر گڈھوں کو بھرنے سمیت مرمت کے کام شروع کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولیات میسر ہوں۔نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لئے ڈپٹی کمشنر نے علاقے کے یوتھ کلب ممبران کے ساتھ ایک بامعنی بات چیت کی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں اور نشہ مکتی ابھیان کے تحت جاری بیداری مہمات میں فعال طور پر حصہ لیں تاکہ منشیات کی لعنت کا خاتمہ کیا جا سکے۔منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے، ڈی سی نے چند ماہ قبل نشہ کی زیادتی سے ایک نوجوان کی موت کے بعد متعلقہ محکموں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس المیے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس لعنت سے نمٹنے کے لئے مربوط اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے درہال کے تمام نوجوانوں کی نشہ مخالف مہم میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کمیونٹی کی سطح پر مداخلت، مؤثر نفاذ اور علاج معالجہ کی سہولیات کی دستیابی پر بھی زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مختلف سرکاری اداروں کا بھی معائنہ کیا اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کی وقت پر حاضری اور دیانت داری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔اس دورے کے دوران ڈی سی کے ہمراہ ایس ڈی پی او درہال، تحصیلدار درہال، ایس ایچ او درہال، بی ڈی او درہال اور دیگر عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔ تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ عوامی شکایات کو موقع پر ہی حل کیا جائے اور جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے۔