عازم جان
بانڈی پورہ//ضلع بانڈی کی دورافتادہ گوجر بستی کڈورہ کے لوگوں نے محکمہ تعلیم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا کہ کڈورہ میں ایک ہائی سکول ،ایک مڈل سکول اور ایک پرائمری سکول قائم ہے لیکن تینوں ادارے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اورعرصہ دراز سے اساتذہ کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ احتجاج میں شامل ایک بزرگ نے کہا کہ ہائی سکول میں 300 سے زائد طلاب زیر تعلیم ہیں جن کیلئے صرف 8اساتذہ تعینات ہیں جبکہ مڈل سکول میں 250 طلاب زیر تعلیم ہیں جن کیلئے پانچ اساتذہ تعینات ہیں۔ انہوں نے بتایا ’’ہمیں عوامی حکومت سے امید تھی کہ اساتذہ کی کمی کا معاملہ حل ہوجائے گا لیکن ہمارے اس پسماندہ علاقے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ‘‘۔انہوں نے کہا ’’مسئلہ جوں کا توں ہے اور ہمارے بچے متاثر ہورہے ہیں ‘‘۔احتجاجی باشندوںنے کہا’’ ہم نے کئی بار چیف ایجوکیشن افسرکا دروازہ بھی کھٹکھٹایا لیکن کچھ نہیں ہوا بلکہ حد تو یہ ہے ایک دو اساتذہ کی تعیناتی کا آرڈر بھی جاری ہوا لیکن ان اساتذہ نے جوائن ہی نہیں کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو وہ منظم احتجاجی مہم چھیڑدیں گے ۔