عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں پولیس نے مویشیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ایک بدنام زمانہ اسمگلر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اُسے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت گرفتار کر کے سنٹرل جیل جموں، کوٹ بھلوال منتقل کر دیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں اسے ایک فیصلہ کن قدم قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد بار بار کی غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانا اور امن و قانون کو برقرار رکھنا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایک سخت گیر اور پیشہ ور مویشی اسمگلر کو جموں و کشمیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا ہے‘۔ملزم کی شناخت محمد ایاز ولد محمد شفیع ساکن تحصیل سرنکوٹ، ضلع پونچھ کے طور پر ہوئی ہے، جو ماضی میں بھی مویشیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا ہے۔ اس کی سرگرمیوں نے علاقے کے امن و امان کے لئے مسلسل خطرہ پیدا کر رکھا تھا۔پولیس کے مطابق محمد ایاز کے خلاف متعدد ایف آئی آرز اور احتیاطی کارروائیاں تھانہ سرنکوٹ میں درج ہیں، جن میں ایف آئی آر نمبر 316/2022 – دفعہ 188 آئی پی سی، 11 پی سی اے ایکٹ،ایف آئی آر نمبر 400/2022 – دفعہ 188 آئی پی سی، 11 پی سی اے ایکٹ،ایف آئی آر نمبر 61/2025 – دفعہ 223 بی این ایس،احتیاطی کارروائی – دفعہ 126/129/170 بی این ایس،منفی رپورٹ – مورخہ 27.04.2025، تھانہ سرنکوٹ شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ محمد ایاز کی مسلسل غیر قانونی سرگرمیوں اور قانون کو نظر انداز کرنے کے رویے نے اسے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کے دائرے میں لا کھڑا کیا۔ضلع مجسٹریٹ پونچھ سے باقاعدہ حراستی حکم حاصل کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے کوٹ بھلوال جیل بھیجا گیا۔ پولیس نے کہا کہ ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ سماجی امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔