عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) منڈل تھنہ منڈی کی جانب سے ٹاؤن ہال تھنہ منڈی میں ’سنکلپ سے سدھی‘ کے عنوان سے ایک باضابطہ پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت ڈی ڈی سی ممبر محمد اقبال ملک نے کی۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، منڈل صدر منظر علی شاہ، شکیل احمد شال، عبدالغنی شال، قاضی قمر جاوید اور حاجی مقبول رینہ سمیت کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ پروگرام کا مقصد عوام الناس کو بی جے پی کی حکومت کی جانب سے ملک گیر سطح پر خصوصاً دیہی و پسماندہ علاقوں میں انجام دئیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرنا تھا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ مرکزی حکومت کی توجہ تھنہ منڈی اور ملحقہ دیہی علاقوں کی ہمہ جہت ترقی پر مرکوز ہے، اور متعدد منصوبوں کے ثمرات اب عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ ڈی ڈی سی ممبر محمد اقبال ملک نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت نے پچھلے گیارہ برسوں کے دوران نہ صرف اندرونی ترقی میں نمایاں پیش رفت کی ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک باوقار اور مضبوط شناخت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کی بدولت تھنہ منڈی جیسے دور افتادہ علاقوں میں بھی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے، سڑکوں کی تعمیر، پانی و بجلی کی بہتر فراہمی، تعلیم اور صحت جیسے شعبوں میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے، جس سے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ مقررین نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی تاکہ علاقہ خوشحال اور خود کفیل بن سکے۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی اور بی جے پی کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔ بی جے پی کے مقامی رہنماؤں نے بھی عوامی مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی۔