عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // ٹیرر فنڈنگ کیس میں دہلی ہائی کورٹ نے علیحدگی پسند رہنما شبیر شاہ کی درخواست ضمانت خارج کردی۔ جسٹس نوین چاولہ اور شلندر کور کی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ شبیر شاہ کی اپیل کو ٹرائل کورٹ نے 7 جولائی 2023 کو مسترد کیا تھا۔اسی فیصلے کوہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس میں انہیں ضمانت دینے سے انکار کیا گیا تھا۔بنچ نے کہا ’’موجودہ اپیل خارج کردی گئی ہے‘‘۔خیال رہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے اگست 2023 میں شاہ کی اپیل پر قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) سے جواب طلب کیا تھا۔ اپیل کنندہ نے کہا کہ وہ چار سال سے زیر حراست ہیں اور مقدمے کی سماعت مکمل ہونے میں کافی وقت لگے گا۔اپیل میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج کا حکم امتناع کیس کے امکانات کے منافی ہے۔ اپیل کنندہ موجودہ کیس میں چار سال سے جیل میں بند ہے، جس میں 400 سے زائد گواہوں پر جرح ہونی ہے اور 4 سال سے زائد عرصے میں آج تک صرف 15 گواہوں پر جرح ہوئی ہے۔ شبیر شاہ کو اس معاملے میں 4 جون 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا۔