اگلے10دنوں کیلئے کوئی سیٹ دستیاب نہیں
سرینگر// کٹرا اور سرینگر کے درمیان محض3گھنٹے میں191کلومیٹرکی مسافت طے کرنے والی وندے بھارت ایکسپریس کو 6جون کووزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ افتتاح کرنے کے بعد زبردست عوامی پذیرائی اور قبولیت مل رہی ہے ۔ریلوے کے حکام نے بتایا ’’اگلے10 دنوں کیلئے مکمل بکنگ ہے اور کوئی سیٹیں دستیاب نہیں ہیں‘‘۔قابل ذکر ہے کہ معیاری 16 کوچ والی وندے بھارت ایکسپریس میں 1128 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ کچھ وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو 20 ڈبوں میں اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس سے ان کی گنجائش1440 سیٹوں تک بڑھ گئی ہے۔ قومی میڈیا ادارے (دی وائر)سے بات کرتے ہوئے ماتا ویشنو دیوی کٹرا ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن سپرانٹنڈنٹ جگل کشور شرما نے کہاہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے جھنڈی دکھا کر نئی افتتاحی وندے بھارت ایکسپریس کو عوام کا زبردست ردعمل ملا ہے۔ جگل کشورشرما نے کہاکہ عوام میں زبردست جوش و خروش ہے۔ مانگ اتنی زیادہ ہے کہ اگلے10 دنوں تک کوئی سیٹ دستیاب نہیں ہے۔روٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسٹیشن سپرانٹنڈنٹ جگل کشور شرما نے کہاکہ یہ ایک نیا اور خوبصورت راستہ ہے اور لوگ اس پر سفر کرنے کیلئے بہت پرجوش ہیں۔انہوںنے بتایاکہ مسافروں میں ایک تہوارجیسا ماحول ہے اور ہر کوئی اس تجربے سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہے، اسی وجہ سے یہاں رش اور انتظار کی ایک لمبی فہرست ہے۔ سیاح خاص طور پر وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ٹرین بہترین سہولیات فراہم کرتی ہے اور مسافر اس سفر سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔جگل کشور شرما نے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں کہ مسافروں کو کوئی شکایت نہ ہو۔ جگل کشور شرما کاکہناتھاکہ اگر کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے، تو اسے فوری طور پر حل کیا جاتا ہے۔ کٹرا ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن سپرانٹنڈنٹ جگل کشور شرما نے مزید کہا کہ ریلوے کا عملہ بھی ٹرین کے کامیاب آپریشن پر اتنا ہی پرجوش ہے۔ افسران سے لے کر زمینی عملے تک ہر کوئی ہموار سروس کو برقرار رکھنے اور مسافروں کے اطمینان کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کر رہا ہے۔کٹرہ،سری نگر وندے بھارت ایکسپریس کا باضابطہ طور پر افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 جون 2025 کو کیا تھا، جو جموں اور کشمیر کے ٹرانسپورٹ کنیکٹیویٹی میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ یہ آغاز بڑے ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک (USBRL) منصوبے کا حصہ تھا، جس کا مقصد وادی کشمیر اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان بغیر کسی رکاوٹ کے ریل رابطہ فراہم کرنا ہے۔یہ تیز رفتار ٹرین سروس کٹرا اور سری نگر کے درمیان سفر کے وقت کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے، جو مقامی لوگوں اور سیاحوں دونوں کے لیے ایک محفوظ، موثر، اور آرام دہ آپشن فراہم کرتی ہے۔ اس اقدام سے علاقائی تجارت کو فروغ دینے، پیداوار کی تیز رفتار نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرتے ہوئے باغبانی کے شعبے کی حمایت اور وشنو دیوی کے مزار اور اس سے آگے مذہبی سیاحت کو تقویت دینے کی امید ہے۔