عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف اپنی مسلسل اور پُرعزم مہم کو جاری رکھتے ہوئے، پولیس نے ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ علاقے میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشہ آور مادہ برآمد کیا ہے۔
پولیس کے مطابق، ایس ایچ او ٹنگمرگ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک آلٹو گاڑی کو روکا، جس میں دو افراد سوار تھے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 9 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔
گرفتار افراد کی شناخت زاہد احمد میر ولد غلام حسن میر ساکن چھانہ پورہ اور مدثر احمد لون ولد عبدالاحد لون ساکن تررن کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا، جبکہ منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ میں ایف آئی آر نمبر 34/2025 کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ منشیات کے خلاف جاری اس جنگ میں پولیس کا ساتھ دیں۔ اگر آپ اپنے علاقے میں کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا منشیات فروش کی موجودگی کا مشاہدہ کریں تو فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن نمبر 112 پر اطلاع دیں۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ منشیات سے وابستہ جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ سماج کو منشیات کے ناسور سے پاک رکھا جا سکے۔
بارہمولہ میں دو منشیات فروش گرفتار، ہیروئن جیسا مادہ برآمد
