حسین محتشم
پونچھ// عید الاضحی سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، وکاس کنڈل کی ہدایات پر محکمہ فوڈ سیفٹی، محکمہ میٹرالوجی اور محکمہ میونسپل کونسل کے افسران کی ٹیم نے اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی کمشنر طارق محمود کی قیادت میں ضلع بھر میں ہوٹلوں، کریانہ کی دکانوں، مٹھائی کی دکانوں کے علاوہ میڈیکل سٹورز اور ہسپتال کی کینٹینوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد صفائی کے انتظامات، اشیاء کے معیار اور وزن کے اعتدال کا بغور جائزہ لینا تھا۔افسران نے مختلف اداروں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، اشیائے خوردونوش کے معیار اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزاء کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ، وزن اور پیمائش کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے میٹرالوجی کے اصولوں کی پاسداری کابھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے جانے والے دو تاجروں کو چالان کاٹے گئے، جبکہ دیگر دکانداروں اور اداروں کو سخت تنبیہ کی گئی کہ وہ آئندہ قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔ ٹیم نے واضح کیا کہ عوام کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس مشترکہ مہم میں محکمہ میٹرالوجی کے اسسٹنٹ کنٹرولر پشکر راج اور محکمہ میونسپلٹی کے خلاف ورزی انسپکٹر امرپال سنگھ نے پوری ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ حکام نے عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس مہم کا مقصد عید کے بڑے تہوار کے موقع پر صارفین کو صاف ستھری اور معیاری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔