عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //راجوری-پونچھ رینج کے ڈی آئی جی تجیندر سنگھ نے کالاکوٹ سب ڈویژن کے دور افتادہ علاقے ہریچمہ (ایچ ایس تھنہ) کا دورہ کیا، جہاں ایک عوامی شکایات کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما اور ایس ایس پی راجوری گورو سکارور بھی موجود تھے۔ یہ کیمپ گورنمنٹ ہائی اسکول تھنہ میں منعقد کیا گیا، جس میں مقامی دیہات سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔مقامی لوگوں نے اپنے مسائل سے افسران کو آگاہ کیا جن میں سڑکوں کی حالت، طبی سہولیات، پینے کے پانی کی قلت، بجلی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل تھیں۔ عوام نے ان مسائل پر فوری کارروائی کی اپیل کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی تجیندر سنگھ نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس عوامی فلاح و بہبود کیلئے پْرعزم ہے، خاص طور پر سرحدی اور دور دراز علاقوں میں امن و امان کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر روابط پر زور دیا تاکہ سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے عوامی شکایات کو تحمل سے سنا اور کئی معاملات پر موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جائز مطالبات کو بروقت متعلقہ حکام تک پہنچا کر ان کا حل نکالا جائے گا۔ایس ایس پی راجوری نے نوجوانوں کو منشیات اور ملک دشمن سرگرمیوں سے دور رہنے کی تلقین کی اور کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عوام کو سیکورٹی کے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو خطے میں اٹھائے جا رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کالاکوٹ، تنویر احمد نے کیمپ کی کارروائی کو مربوط کیا اور عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ان کا باقاعدہ پیچھا کیا جائے گا۔یہ کیمپ نہ صرف عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم تھا بلکہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان مضبوط رشتے کی ایک عمدہ مثال بھی پیش کرتا ہے۔