جاوید اقبال
منڈھر // مغل شاہراہ پر گزشتہ شام ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں جموں و کشمیر پولیس کا ایک کانسٹیبل، رخسار احمد خان، جاں بحق ہو گیا۔ یہ حادثہ پونچھ ضلع کی تحصیل سرنکوٹ کے ڈگریاں علاقے میں پیش آیا، جب ایک کاربفلیاز اور پیر کی گلی کے درمیان بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی شام دیر گئے پیش آیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت رخسار احمد خان ساکن منڈھر کے طور پر ہوئی ہے، جو جموں و کشمیر پولیس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھے اور عید کی چھٹیوں پر گھر واپس آ رہے تھے۔جمعرات کی شام ان کی میت آبائی گاؤں پہنچائی گئی، جہاں پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا تھا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں مقامی افراد، پولیس افسران، سول انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں آخری سلامی پیش کی۔اس موقع پر ساتھی اہلکاروں نے رخسار احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نڈر، فرض شناس اور خوش اخلاق سپاہی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ رخسار کی اچانک موت سے محکمہ پولیس کو ایک قابل اعتماد اور ایماندار اہلکار سے محروم ہونا پڑا ہے، جس کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی۔پولیس افسران نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ محکمہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ واقعے نے پورے علاقے کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔