عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی کے چناب پل، دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل کا افتتاح کرنے اور کشمیر کو کنیا کماری سے جوڑنے والی وندے بھارت ٹرین سروس کے 6 جون 2025 کو افتتاح سے قبل، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون سرینگر میں سینئر انتظامی اور پولیس افسران کی ایک میٹنگ میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں شری اتل ڈلو(چیف سکریٹری )، شری نلین پربھات(ڈی جی پی)، شری آنند جین( اے ڈی جی پی)، سری رمیش کمار، ڈویژنل کمشنر جموں،بھیم سین ٹوٹی( آئی جی پی جموں) ، وویک گپتا( آئی جی پی ریلوے)، ایم سلیمان چودھری( آئی جی پی ٹریفک (جموں)، کٹھوعہ، سانبہ، ریاسی اور ادھم پور کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز اور سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تیاریوں کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کریں اور افتتاح کی تقریب کو یادگار بنائیں۔ادھم پور-سری نر-بارہمولہ ریل لنک، ایک 272 کلومیٹر کا میگا پروجیکٹ ہے جو وادی کشمیر کو کنیا کماری سے جوڑنے والا ہندوستان کا سب سے پرجوش منصوبہ ہے۔ ریل لنک وادی سے سال بھر کے رابطے کو یقینی بنائے گا۔وزیر اعظم دنیا کے بلند ترین ریلوے پل چناب پل کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ انجینئرنگ کا یہ معجزہ 359 میٹر پر دنیا کا بلند ترین ریلوے آرچ پل ہے۔پل کا افتتاح کرنے کے بعد، امکان ہے کہ مودی ٹرین کے ذریعے کٹرا جائیں گے اور راستے میں، انجی کھڈ پر ہندوستان کے پہلے کیبل اسٹیڈ پل کا معائنہ کریں گے۔حکام نے بتایا کہ وزیر اعظم اس منصوبے میں شامل ریٹائرڈ ملازمین سمیت ریلوے انجینئرز سے بات چیت کریں گے۔مودی کٹرا سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بارہمولہ سے کٹرا تک وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔افتتاح کے بعد مودی ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔