اظہر حسین
کولگام//جنوبی ضلع کولگام کے شیخ محلہ میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب لکڑی سے بنا ایک رابطہ پل اچانک گرگیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ پیر کی شام کو اس وقت پیش آیا جب چند افراد پل عبور کر رہے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق یہ پل نہایت خستہ حالت میں تھا اور کئی برسوں سے مرمت نہ ہونے کے باعث لڑکھڑارہاتھا۔ مقامی رہائشیوں نے کئی بار انتظامیہ کی توجہ اس طرف مبذول کرائی، مگر کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔حادثے میںزخمی ہوئے افراد کو فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ دونوں افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔شیخ محلہ کے عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس پل کی جگہ فوری طور پر نیا اور پختہ پل تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کو نقل و حمل میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہیں کی گئی تو مستقبل میں کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔مقامی شہروں نے بتایا’’یہ پل ہمارے علاقے کو قریبی بازار اور سکول سے جوڑتا ہے۔ اس کی عدم موجودگی سے طلبہ اور بزرگوں کو خاصی پریشانی کا سامنا ہے۔ ہم انتظامیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے‘‘۔ادھر// قاضی گنڈ میں منگل کی شام دیر گئے المناک حادثے میں کم عمر نوجوان جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے ۔منگل کی شام ایک موٹرسائیکل بس سے ٹکرانے سے ایک کم عم لڑکا جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بونہ گام میں پیش آیا، جس میں ایک موٹر سائیکل اور ایک اسکول بس شامل تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک لڑکا موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔مہلوک نوجوان کی شناخت سنیف سلام بٹ ولد عبدالسلام بٹ ساکن بونہ گام کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت حذیف نواز بٹ ولد نواز احمد بٹ اور زید احمد شاہ ولد محمد شفیع شاہ ساکنان بیہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعہ کی نسبت کیس درج کرلیا ہے۔