عظمیٰ نیوز سروس
نیویارک //امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر میں حماس کے ہاتھوں یرغمال یہودیوں کے حق میں منعقدہ اجتماع پر پیٹرول بم کے حملوں میں کم از کم 8 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق کولوراڈو کے شہر بولڈر میں اتوار کو ایک شخص نے یہودی کمیونٹی کے اجتماع پر شعلہ پھینکنے والے ہتھیار (فلیم تھروور) اور پیٹرول بموں سے حملہ کر کے لوگوں کو آگ لگا دی، اس حملے میں 4 خواتین اور 4 مردوں سمیت کم از کم 8 افراد زخمی ہوئے جن کی عمریں 52 سے 88 سال کے درمیان ہیں، حملہ آور کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔ایف بی آئی نے حملہ آور کی شناخت محمد صابری سلیمان کے طور پر کی ہے اور بتایا کہ اس نے حملے کے دوران ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کا نعرہ لگایا، یہ حملہ ایک ہفتہ وار اجتماع کے دوران ہوا تھا جس میں حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی حمایت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بعض متاثرین کی پتلون مکمل طور پر جل گئی تھی، اور ایسا لگ رہا تھا کہ ان کی جلد ان کے جسم سے پگھل چکی ہے۔عینی شاہد برائن ایچ، جنہوں نے حفاظتی خدشات کی بنا پر اپنا پورا نام ظاہر نہیں کیا، نے سی این این کو بتایا کہ وہ اور ان کا خاندان باہر کھانے میں مصروف تھے جب ایک عورت قریب ہی واقع کاؤنٹی کورٹ ہاؤس سے تقریباً 100 گز کی دوری سے بھاگتی ہوئی آئی اور انہیں خبردار کیا کہ ایک شخص لوگوں پر آگ پھینک رہا ہے۔فوراً ہی برائن اٹھے اور صحن کی طرف دوڑے، جہاں انہوں نے مشتبہ شخص کو اپنی پیٹھ پر ایک ٹینک اٹھائے دیکھا جو کسی باغبانی میں استعمال ہونے والے کیمیکل اسپرے جیسے لگ رہا تھا، انہوں نے مولوٹوف کوکٹیلز (پیٹرول بم) بھی دیکھے۔برائن نے کہا کہ ’میں نے دیکھا کہ بوتلوں سے کپڑا نکلا ہوا ہے، اور فوراً اندازہ ہو گیا کہ یہ مولوٹوف کوکٹیل ہے، ایک پہلے ہی ہمارے سامنے پھٹ چکا تھا‘۔برائن نے بتایا کہ انہوں نے فوراً 911 پر کال کی اور متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھے، انہوں نے ایک عمر رسیدہ خاتون کو زمین پر بے ہوش پڑے دیکھا۔واقعے کے بعد وائرل ویڈیو میں حملہ آور کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے جس نے شرٹ اتاری ہوئی ہے اور زور زور سے نعرے لگا رہا کہ ’صہیونیوں کا خاتمہ کرو!‘، ’فلسطین کو آزاد کرو!’اور ’یہ قاتل ہیں!‘، اس کے ہاتھ میں دو بوتلیں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔