عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک ایسے لمحے میں جو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا، کشمیر کی تین لڑکیوں ملیحہ، صدف اور جینز نے باوقار IIT داخلہ امتحان، مشترکہ داخلہ امتحان (ایڈوانسڈ)میں کامیابی حاصل کی، کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار کسی لڑکی نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (IIT) میں جگہ بنائی ہے۔تینوں طالب علموں کا تعلق رائزسے ہے، جو سری نگر میں قائم ایک پریمیئر کوچنگ انسٹی ٹیوٹ ہے ۔ تاریخی نتیجہ نے نہ صرف صنفی رکاوٹ کو توڑا ہے بلکہ نوجوان خواتین کے لیے کیا ممکن ہے اس کی دوبارہ وضاحت کی ہے۔رائز کے زمہ داران نے کہا”پہلی بار، ہماری لڑکیوں نے IITs میں جگہ بنائی ہے، ہمیں نہیں لگتا کہ لوگوں کو اس کی اہمیت کا احساس ہے۔ انہوں نے صرف ایک امتحان ہی نہیں پاس کیا ، انہوں نے کئی دہائیوں کے شکوک، سماجی توقعات اور نظامی رکاوٹوں کو توڑا ہے، ہمیں اس سے زیادہ فخر کبھی نہیں ہوا، یہ لمحہ کشمیر کی ہر اس لڑکی کا ہے جس کو کہا گیا تھا کہ وہ حدوں کے اندر رہیں‘‘۔ ان طالبات نے کہا’’جب ہم نے تیاری شروع کی تو اپنے جیسے کسی کو نہیں جانتے تھے جس نے یہ کیا ہو۔ ہمارے پاس کوئی روڈ میپ نہیں تھا لیکن یقین تھا‘‘۔ انہوںنے چیلنجوں کو یاد کرتے ہوئے کہا”کشمیر میں سماجی یا تعلیمی لحاظ سےIIT کی تیاری کرنا آسان نہیں تھا‘‘ ۔